p613 392

مشرقیات

شیخ صاحب آج کل بڑی جاندار پیشگوئیاں کررہے ہیں ‘وزیر ستانی قبیلے کے کسی فرد سے زیادہ ہمیں کوئی نجومی یا عامل کامل لگ رہے ہیں۔ اللہ بخشے پیر پگاڑا کو’ ستاروں کا حال دیکھ کر پیشگوئیوں میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا’ یہ اور بات کہ وہ سندھ میں بیٹھ کر راولپنڈی کے آسمان پر چمکتے ستارے ہی دیکھتے تھے ۔ان ہی کا فرمایا ہوا ہے کہ بلاول ایک دن ہمارا ہو گا ‘ تب سے یار لوگ بلاول کی تمام سیاسی حرکیات کو غور سے دیکھ رہے ہیں ۔بعض تو اس خیال کے بھی ہیں کہ چیئرمین سینٹ کے انتخاب اور ملتان کے مخدوم کو آگے پیچھے کرنے کا کھیل جس بساط پر کھیلا گیا تھا وہ پنڈی کے ستاروں کے زیر اثر ہی بچھائی گئی تھی۔ اس لئے پیر پگاڑا مرحوم کی پیشگوئی تقریباً پوری ہو چکی ہے ۔پیر پگاڑا کے مقابلے میں اپنے شیخ صاحب ستاروں کے پڑوس میں ہی مقیم ہیں ‘ اس لئے ان کے فرمائے ہوئے کو بھی آج کل مستند سمجھا جارہا ہے ۔جیالوں کے چیئرمین کو اپنے دل کے قریب رکھے ہوئے ہیں ۔دوسری طرف معرکہ کشمیر سر کرنے کے بعد سندھ سرکار کے پیچھے بھی لٹھ لے کر پڑے ہوئے ہیں۔ مرکز ،تین صوبوں، گلگت بلتستان اور اب آزاد کشمیر میں ستاروں نے چال ان کے حسب منشا چلی ہے ۔یعنی ستارے ان کے حق میں ہیں ،اور مخالفین کے ستارے گردش میں ہیں ۔بہرحال سندھ میں بھی ”ہم آہنگ” سیٹ اپ فی الحال مشکل ہے ۔آئندہ انتخابات کے ذریعے اس مشکل کو آسان بنانے کے لئے بھان متی کا کنبہ جوڑا جارہا ہے ۔فی الحال تو اس کنبے کی ایک آدھ بیٹھک ہی ہوئی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کنبے کا حصہ جے یو آئی (ف)بھی بن چکی ہے ۔ابھی کل پرسوں ہی مولانا اے این پی کو ستاروں سے ربطہ ضبط بڑھانے اور بلوچستان حکومت میں حصہ بقدر جثہ کے طعنے دے رہے تھے اور اپنی جماعت کو سندھ پلان میں اپنے حصہ کا کیک وصول کرنے کی کھلی چھوٹ انہوں نے دے رکھی ہے ۔یہاں مولانا کے پیروکار ایک ہاتھ میں اپنی جماعت تو دوسرے ہاتھ میں اس جماعت کے پرچم کو اٹھانے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ‘جس کی حکومت مرکز نہ تنظیم میں وہ تسلیم کرتے ہیں ۔ایسے میں شیخ صاحب کی پیشگوئی کے مطابق ستارے چال چل گئے تو آپ دیکھیں گے کہ مولانا اس نادر موقع کو گنوانے کی بجائے کیش کرنے چل پڑیں گے ۔ویسے ہی ان کی جماعت کے اپنی سندھ میں بھان متی کے کنبے کا حصہ نہیں بنے ہوئے ۔کشمیر اور اس سے پہلے گلگت بلتستان کے انتخابات میں سرکار کی کامیابی دیکھی کہ ہمیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی کلام نہیں کہ سرکار اب پوری توجہ سے سندھ میں میدان گرم کرنے چل پڑے گی۔ شیخ صاحب نے صاف صاف بتا دیا ہے کہ سندھ میں بھی تبدیلی آرہی ہے ۔پنڈی کے اس ستارہ شناس کی بات میں فی الحال وزن ہے ۔

مزید پڑھیں:  پابندیوں سے غیرمتعلقہ ملازمین کی مشکلات