سرسوں کا ساگ

سرسوں کا ساگ مکئی کی روٹی،سردیوں کی سوغاتِ خاص

ویب ڈیسک: دیسی کھانے تو سبھی لوگ بڑے شوق سے کھاتے ہیں اور اگر دیسی کڑی، سبزی اور لسی کے ساتھ مکئی کی روٹی
اور سرسوں کا ساگ بھی دسترخوان پر موجود ہو تو کھانے کا لطف اور بھی بڑھ جاتا ہے۔

روایتی طور پر اصلی سرسوں کے ساگ میں مصالحے نہیں پڑتے بس ہلکا سا نمک، ادرک، سرسوں کے ساگ، پالک، ہری مرچوں، بھتورا اور میتھی کے ساتھ ملا کر پکایا جاتا ہے۔ اور ہماری مائیں اور نانیاں، دادیاں اسی صدیوں پرانی ترکیب کے ساتھ بنا کسی جدّت کے یہ مزیدار ساگ بناتی ہیں۔ کہتے ہیں کہ اسے ہلکی آنچ پر اپنے ہی پانی میں پکایا جاتا ہے، اسے اس وقت تک ہاتھ سے چلاتے رہتے ہیں جب تک یہ مطلوبہ لطافت تک پک نہ جائے پھر اس پر تلی ہوئی پیاز اور تازہ گھر کے بنے مکھن کا تڑکا لگا کر کھایا جاتا ہے۔

سرسوں کا ساگ

اجزاء:

  • سرسوں کا ساگ ٹہنیوں کے ساتھ کاٹ لیں – چار پاؤنڈ
  • پالک – دو پاؤنڈ
  • میتھی کا ساگ (اگر دستیاب ہو) – دو پاؤنڈ
  • پانی – آدھا کپ
  • گڑ (خفیہ جزو) – ایک چائے کا چمچ
  • موٹی ہری مرچ – پانچ سے سات عدد
  • نمک – حسب ذائقہ
  • ادرک – ایک انچ کا ٹکڑا
  • مکئی کا آٹا – دو کھانے کے چمچ، ایک چوتھائی پانی میں حل کرلیں
  • مکھن – حسب خواہش
  • دو بڑے پیاز باریک کٹے ہوئے اور ایک چائے کا چمچ لہسن ایک چوتھائی کپ تیل میں فرائی کرلیں (گارنش کےلئے

ترکیب:

  1. ایک بڑی دیگچی میں آدھا کپ پانی ڈال کر سرسوں کے پتے پندرہ سے بیس منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں تمام دیگر اجزاء شامل کر کے پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں۔
  2. بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا بلینڈ کریں۔ اب اس میں مکئی اور پانی کا محلول ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، اوپر سے گارنش کر کے پیش کریں۔

مکئی کی روٹی

اجزاء:

  • مکئی کا آٹا – چار کپ
  • نیم گرم پانی- ڈھائی سے تین کپ
  • ہرا دھنیہ – چار کھانے کے چمچ (آپشنل)
  • موٹی ہری مرچیں – دو عدد باریک کٹی ہوئی (آپشنل)
  • نمک – حسب ذائقہ
  • تیل – حسب ضرورت

ترکیب

  1. آٹے میں پانی ملا کر گوندھ لیں ساتھ ہی ہرا دھنیا اور مرچ بھی شامل کردیں۔ گول پیڑے بنا کر بیکنگ پیپر پر رکھ کر روٹی بنا لیں۔
  2. توےپرتیل گرم کر کےاس پر روٹی ڈال دیں، روٹی کو دونوں جانب سے دو سے تین منٹ تک پکائیں اور سنہرا ہوجانے پر مکھن ڈال کر پیش کریں۔