گندھارا سٹی ماسٹر پلان

گندھارا سٹی کا 6 ماہ میں ماسٹر پلان تیار کرنے کا ہدف

ویب ڈیسک: صوبے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے گندھارا ویلی سٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر زمین کے حصول کیلئے لینڈ شیئرنگ فارمولے کے تحت اشتہار جاری کردیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی ماسٹر پلاننگ کی تیار ی کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں اور اگلے چھ مہینوں میں منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا جس کے بعد منصوبے پر عملی پیشرفت کا آغاز کیا جائے گا۔

مجوزہ گندھارا ویلی سٹی پشاور اور نوشہرہ کے سنگم پر واقع بنجر اراضی پر قائم کیا جارہا ہے جو ایک لاکھ 8 ہزار کنال راضی پر محیط ہوگا۔ اس ہائوسنگ سکیم میں تعلیمی ، طبی ، تجارتی اور تفریحی سہولیات کے علاوہ تمام جدید شہری سہولیات دستیاب ہونگی۔ مجوزہ گندھارا سٹی میں پشاور کے صحافیوں کے لئے ایک میڈیا انکلیو بھی قائم کیا جائے گا جو 1132 کنال اراضی پر محیط ہوگا یہ بات منگل کے روز وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گندھارا ویلی سٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔

مزید پڑھیں:  سعودی وفد کی پاکستان آمد :اسٹاک ایکس چینج میں تیزی

اجلاس کو مذکورہ ہائوسنگ سکیم کے لئے زمین کی خریداری کے طریقہ کار سمیت مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزرا اشتیاق ارمڑ اور کامران بنگش کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عمارہ عامر، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، سینئر صحافی ارشد عزیز ملک اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اہم رہائشی منصوبے پر بلا تاخیر عملی پیشرفت کو یقینی بنانے کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور پراجیکٹ منیجر سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ گندھارا ویلی سٹی میں پلاٹوں کی کیٹیگری کے حوالے سے بتایا گیا کہ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ نے اس حوالے سے ایک فارمولے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جس کے تحت کل رہائشی رقبے کا دو فیصد چارکنال کے پلاٹس، 4 فیصد 2 کنال پلاٹس ، 30 فیصد ایک کنال پلاٹس، 30 فیصد 10مرلے پلاٹس، 17 فیصد 7 مرلے پلاٹس جبکہ 16 فیصد 5 مرلے پلاٹس پر مشتمل ہوگا۔
اجلاس میں مذکورہ ہائوسنگ سکیم کے میڈیا انکلیو میں پشاور پریس کلب کے صحافیوں کو پلاٹو ں کے پرووژنل الاٹمنٹ لیٹرز کے اجرا کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں طریقہ کار وضع کرنے کے لئے متعلقہ حکام اور پشاور پریس کلب کے صدر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس حوالے سے حتمی تجاویز صوبائی کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کریگی۔

مزید پڑھیں:  دیر بالا، گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں جا گری، دو افراد زخمی