مردم شماری سے محروم

خیبر پختونخوا کے 8 اضلاع ساتویں مردم شماری سے محروم رہنے کا خدشہ

سکیورٹی خدشات اور عملہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہونے کے باعث خیبر پختونخوا کے 8اضلاع کے ساتویں مردم شماری سے محروم رہنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

ادارہ شماریات نے خیبر پختونخوا حکومت سے عملہ کی سکیورٹی اور مدد طلب کرلی ہے ۔ ادارہ شماریات کے مطابق حال ہی میں رورل ایریا فریم ورک کے نام سے مردم شماری کیلئے ایک مشق مکمل کی گئی ہے جو پورے ملک میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ہے یہ مشق مردم شماری کیلئے انتہائی کلیدی ہے تاہم اس مشق سے خیبر پختونخوا کے 8اضلاع محروم رہ گئے ہیں جن میں 4قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں یہ اضلاع خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان ہیں جبکہ 4بندوبستی اضلاع میں ٹانک، لکی مروت، بنوں اور ایبٹ آباد شامل ہیں ان اضلاع میں ادارہ شماریات کے عملہ کو شدید خطرات لاحق ہیں اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں ۔

مزید پڑھیں:  او آئی سی اجلاس:پاکستان کاخودمختارفلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ

یہ بھی پڑھیں:خوش رہنے والے افراد کی شرح دیگر صوبوں کی نسبت خیبر پختونخوا میں زیادہ

ادارہ شماریات کے مطابق پاک فوج سے شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں فریم ورک پر کام کرنے کیلئے این او سی حاصل کرلیا گیا ہے جو عملہ کی سکیورٹی کیلئے کارآمد ہوگی۔ ادارہ شماریات کے مطابق صوبائی حکومت سے اس حوالے سے بات کی گئی ہے اور ان سے ادارہ شماریات کے عملہ کو ان تمام اضلاع میں سکیورٹی کی فراہمی اور تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ساتویں مردم شماری سے قبل ان اضلاع میں رورل ایریا فریم ورک کو مکمل کیا جا سکے ان اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ادارہ شماریات کے ملازمین کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اس قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کو مکمل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ادارہ شماریات نے ملازمین کو تحفظ اور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات بروقت اور کامیابی سے اٹھانے کیلئے جلد از جلد اقدامات اٹھانے کی درخواست کی ہے۔ ​صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق مردم شماری اور سکیورٹی کا معاملہ محکمہ بلدیات اور محکمہ داخلہ کے دائرہ میں آتا ہے اور اس اہم مسئلے سے متعلق دونوں محکموں کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  اوور بلنگ پر 3سال کی سزا کا بل منظور

یہ بھی پڑھیں:ٹانک: پولیو ٹیم پر دوسرے روز حملہ، پولیس اہلکار شہید

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اور سندھ حکومت کی جانب سے اعتراضات سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت نے آئندہ برس نئی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ادارہ شماریات نے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں آئندہ برس پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کی جائیگی اور فوری طور پر تمام ڈیٹا مرکزی ڈیٹا بیس میں جمع کیا جائے گا