نااہل حکومت نے بجلی کے شعبے کے نقصانات میں اضافہ کیا،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ فخر ہے نوازشریف کی قیادت میں دنیا کے جدید اور سستے ترین پاورپلانٹ لگائے،کوئلے اورایل این جی کے سستے ایندھن سے بجلی بنا کر قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی، نئے تار بچھانا، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام پی ٹی آئی نے بند کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل اور نالائق حکومت نے بجلی کے شعبے کے نقصانات میں اضافہ کیا،(ن)لیگ بجلی ترسیل اور تقسیم کے نقصانات ایک بارپھرکم کرکے دکھائے گی۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں، کارخانے زیادہ ہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟ پی ٹی آئی اپنے کرپٹ دور میں 8 ہزارمیگاواٹ کے نئے پاور پلانٹس لگانیکی کیوں کوشش کررہی تھی؟ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے، مسلم لیگ (ن)پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی۔

مزید پڑھیں:  راولپنڈی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشتگرد ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک