نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری، سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری نعیم حیدر کی جانب سے نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ کا اجرا روکنے اور وطن واپسی پر گرفتار کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نواز شریف اشتہاری مجرم ہیں، ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا وفاقی حکومت نے کہاں کوئی آرڈر پاس کیا ؟ اگر کوئی اشتہاری ہے تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اشتہاری ملزم کسی بھی ریلیف کا مستحق نہیں رہتا، عدالت کے پاس پہلے ہی بہت اہم کیسز ہیں، سائلین کے لیے قیمتی وقت ہے، عدالتی وقت ضائع کرنے پر کیوں نا آپ پر جرمانہ کیا جائے۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

مزید پڑھیں:  ڈی آئی خان :ایمبولینس بکریوں کے ریوڑ پر چڑھ دوڑی،20سے زائد ہلاک