عبدالجوشی

عبدالجوشی نے مائونٹ ایورسٹ پر قومی پرچم لہرا دیا

پاکستانی کوہ پیمائوں کے حلقوں میں پاتھ فائنڈرز کے نام سے مشہور کوہ پیما عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایوریسٹ کو سر کرلیا ہے۔عبدالجوشی کی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 38 سالہ کوہ پیما نے پیر کی صبح کامیابی کے ساتھ 8849 میٹر اونچی دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرلیا ہے۔عبدالجوشی مائونٹ ایوریسٹ کو سر کرنے والے آٹھویں پاکستانی ہیں جبکہ آٹھ ہزار میٹر سے بلند دنیا کی چودہ چوٹیوں میں سے یہ ان کی دوسری چوٹی ہے، وہ اس سے قبل اناپورنا کو بھی سر کرچکے ہیں۔ان سے قبل مرزا علی بیگ، ثمینہ بیگ، عبدالجبار بھٹی، شہروز کاشف، سرباز علی، نذیر صابر اور حسن سدپارہ بھی مائونٹ ایوریسٹ کو سر کرچکے تھے۔ہنزہ سے تعلق رکھنے والے عبدالجوشی نے گزشتہ برس گلگت بلتستان میں واقع مشکل ترین پاسو کونز کو سر کیا تھا، وہ پاسو کونز کو سر کرنے والے پہلے مائونٹینیئر ہیں، اس سے قبل وہ چھ ہزار پچاس میٹر بلند منگلک سر کو کلائمب کرچکے ہیں جبکہ کے ٹو پر وہ کیمپ تھری تک ہی پیش قدمی کرپائے تھے کہ سخت موسم نے انہیں واپسی کا رخ کرنے پر مجبور کردیا تھا۔عبدالجوشی عام طور پر ان چوٹیوں کا رخ کرنے کیلئے مشہور ہیں جو ماضی میں کسی نے سر نہ کی ہو، گزشتہ برس ایک انٹرویو میں عبدالجوشی نے کہا تھا کہ جونہی ان کی نظر کسی چوٹی پر پڑتی ہے تو ان کی نظریں خودبخود اس پر ٹریک تلاش کرنا شروع کردیتی ہیں۔

مزید دیکھیں :   مہنگائی نئی نہیں،گزشتہ4 سالوں سے ہے،مریم نواز