بدترین لوڈ شیڈنگ ‘ عوام کے صبر کا امتحان

گرمی انتہا کو پہنچ چکی ہے گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کے بھی سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں مالک اراض و سماء سے امید رحمت ہر آں رہتی ہے ان کی جانب سے گرمی میں کمی و اعتدال ہی کی توقع اور دعا ہے علاوہ ازیں دنیاوی صاحبان اقتدار و اختیار کا ہر فیصلہ جس طرح عوام پر مشکلات و مصائب بن کر گرنے کا سلسلہ جاری ہے خوف آنے لگا ہے کہ یہ عذاب کی شکل نہ
ہو۔ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کی بڑی وجہ طلب و رسد کے توازن کا بگاڑ ہے لیکن ساتھ ہی مشکل امر یہ بھی ہے کہ بجلی و پانی کے انتظام پر جن کا تسلط ہے خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام دونوں کے حوالے سے ان کے اقدامات مشکلات کا باعث بن رہے ہیں اس امر کا کب تک اعادہ کیا جاتا رہے گاکہ پن بجلی خیبر پختونخوا کی پیداوار ہے اور پن بجلی کا غالب حصہ اس صوبے کے پانی سے بنتی ہے ۔دستور کے مطابق اس پر مقدم حق صوبے کے عوام کا ہے اصولی طور پر تو صوبے کے عوام سے ایندھن سرچارج کی وصولی اور ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت لاگو ہی نہیں ہونی چاہئے مگر یہ دیوانے کی بڑ سہی کم از کم قومی گرڈ سے جتنا کوٹہ صوبے کا بنتاہے وہی بجلی کم از کم پوری دی جائے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں صوبائی حکومت کی جانب سے ہر شام کوباقاعدہ عوام کو اس امر سے آگاہ کیاجاتا تھا کہ صوبے کے عوام کی بجلی میں کتنی کٹوتی کی ناانصافی کی گئی یہ ایک ا صولی اور عوام کو حقیقی صورتحال سے آگاہی کے لئے گزشتہ صوبائی حکومت کا اچھا قدم تھا موجودہ حکومت کو بھی جہاں احتجاج اور متعلقہ فورمزسے رجوع کرکے صوبے کے عوام کے حصے کی بجلی کے حصول کی سعی کرنی چاہئے وہاں یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ عوام کو علم ہو کہ ان سے کس قدر ناانصافی ہو رہی ہے اور اس کی ذمہ داری کن کن پر عائد ہوتی ہے ایک جانب بجلی کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے گزشتہ ماہ کی ایندھن کی رقم کے اضافی بل بھی عوام سے وصول کئے جاررہے ہیں لیکن دوسری جانب عوام مہنگی ترین بجلی کو ترس رہے ہیں آخر کب تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ عوام کے صبر کا پیمانہ دراز ہو جائے تو صوبائی حکومت کو بھی امن وا مان کا سنگین مسئلے کا سامان کرناپڑے گا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس ضمن میں جو قدم اٹھایا ہے توقع کی جانی چاہئے کہ اس کے نتیجے میں بہتری آئے گی اس کے باوجودبھی صورتحال میں بہتری نہ آئے تو پھر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونا فطری امر ہو گا جو پہلے سے مشکلات کا شکار حکومت کے لئے مزید مشکلات کا باعث ہوگا۔
بی آر ٹی کو ایوارڈ اور توسیع کے تقاضے
بی آر ٹی کی پرائز فار سٹیز ایوارڈ کے لئے نامزدگی یقینا بڑا اعزاز ہے اور اس امر میں شبے کی گنجائش نہیں کہ بی آر ٹی سے نہ صرف شہریوں کو باسہولت سفر میسر ہے بلکہ پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے شہری ایک عین متوقع بلکہ یقینی بوجھ سے بچ گئے یہ سہولت بی آر ٹی سے سفر کرنے والوں ہی کو میسر ہے یکم جولائی سے بی آر ٹی کے کرایوں میں معمولی اضافہ کوئی اضافہ نہیں یہ ساری تحسین اپنی جگہ اور یہ سہورلت بھی چونکہ ساری آبادی اور مسافروں کو میسر نہیں اس لئے اس سہولت کو جزوی ہی قرار دیا جا سکتا ہے جس کا تقاضایہ ہے کہ حکومت جتنا جلد بی آر ٹی کے دیگر مجوزہ روٹس پر سروس کا اجراء کر سکے اتنا ہی بہتر ہو گا اس حوالے سے بسوں کی آمد و روانگی کی خبر حوصلہ افزاء ہے لیکن ان مجوزہ روٹس پر بس سٹاپ اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت جیسے ضروری لوازمات میں کوئی پیشرفت نظر نہ آنا تشویش کا باعث امر ہے اور خدشہ اسی امر کا ہے کہ ان روٹس پر آنے والے مہینوں میں روٹس کا اجراء شاید نہ ہوسکے حکومت کو چاہئے کہ نئے مالی سال میں ان منصوبوں کے لئے جو رقم مختص کی گئی ہے اس حوالے سے تعجیل کے ساتھ لوازمات پوری کرکے جلد سے جلد کام کا آغاز کرے اور نئے روٹس اور موجودہ روٹس کی توسیع دونوں کو یقینی بنا کر زیادہ سے زیادہ آبادی کو سفر کی باکفایت اور بہتر سہولت کی فراہمی یقینی بنائے ۔
احسن فیصلہ
پولیس کی جانب چار ہزار اشتہاریوں کے اکائونٹس اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا اقدام بصورت عملدرآمد احسن اور موثر ہوگا ان عناصر کی پراپرٹی دستاویزات کو بھی منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے پولیس کی جانب سے جرائم میں ملو ث اشتہاری عناصر کے خلاف اس طرح کی کارروائی کے ساتھ ساتھ دیگر مقدمات میں بھی اس طرح کے ملزمان جو عدالتوں میں پیش نہ ہو رہے ہوں ان کے حوالے سے بھی اس طرح کے اقدامات پر غور کرنے کی ضرورت ہے اس حوالے سے اگر قانون میں ترمیم اور قانون سازی کی ضرورت ہو تو ایسا کرنے میں حرج نہیں اور موجود قوانین پر عملدرآمد بہر حال حکام کی ذمہ داری ہے تاکہ قانون سے کھلواڑ اور قانون شکنی کے بعد بھی عام شہریوں کی طرح سلوک ممکن نہ رہے توقع کی جانی چاہئے کہ اس پر عملدرآمد اور ان اقدامات کو موثر اور ممکن بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اور ہر وہ ممکن اقدامات کئے جائیں گے جو نفاذ قانون کے لئے ضروری اور معاون ثابت ہوں۔

مزید پڑھیں:  پابندیوں سے غیرمتعلقہ ملازمین کی مشکلات