ملک میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگئی

ملک میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگئی، روپے کی قیمت میں استحکام

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت 221 روپے 91 پیسے ہو گئی۔
ویب ڈیسک: کاروباری دورانیے میں اتار چڑھاو کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 2روپے 12پیسے کی کمی سے 221روپے 91پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اس طرح سے 28 جولائی کے 239روپے 94 پیسے کے مقابلے میں اب تک انٹر بینک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 18روپے 3پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی طلب نہ ہونے کے سبب ڈالر کی قدر 4 روپے کی کمی سے 218روپے کی سطح پر بند ہوئی، اس طرح سے اوپن مارکیٹ میں 28جولائی کے 244روپے کے مقابلے میں اب تک مجموعی طور پر 26روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ابتدائی تخمینے سے کم ہونے اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر 32ارب ڈالر کی سطح پر برقرار رہنے کی پیشگوئیوں اور معاشی استحکام کے ساتھ ذرمبادلہ پر دباؤ دو ماہ میں ختم ہونے کی توقعات پر ڈالر کمزور اور روپیہ تگڑا ہوتا جا رہا ہے.
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی کا سلسلہ جاری ہے، کاروبار کے دوران 398.61 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 42494.85 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.95 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 19 کروڑ 61 لاکھ 63 ہزار 157 شیئرز کا کاروبار ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

مزید پڑھیں:  فلسطینیوں کے حق میں احتجاج امریکہ سے یورپ تک پھیل گیا