اس سال 190فیصد سے زیادہ بارشیں ہوئیں، چیئرمین این ڈی ایم اے

ویب ڈیسک: چیئرمین این ڈی ایم اے اختر نواز نے کہا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال 20 سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہونی تھیں لیکن 190 فیصد سے زیادہ بارشیں ہوئیں۔
نیشنل دیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی )این ڈی ایم اے( کے چیئرمین اخترنواز نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون سیزن میں ملک کو توقع سے زیادہ بارشوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ موسم گرما میں 4 ہیٹ ویوزکا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیلاب اور بارشوں سے1265افرادجاں بحق ہوئے ہیں جس میں جاں بحق افرادمیں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ،7 لاکھ 37 ہزار مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
اختر نواز نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال 20 سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہونی تھیں لیکن 190 فیصد سے زیادہ بارشیں ہوئیں۔ مون سون بارشیں اڑھائی سے تین ہفتے قبل شروع ہوئیں۔ سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے اخترنواز نے مزید کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے نیشنل ایمرجنسی ڈکلیئر کی گئی اور پاکستان آرمی کی خدمات آرٹیکل 245 کے تحت حاصل کی گئی ، حکومت کی جانب سے این ڈی ایم اے اور بی آئی ایس پی کی شراکت سے فی متاثرہ گھرانے کو 25 ہزار روپے دینے کا فیصلہ ہے جس کا بلوچستان سے آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20ورلڈ کپ کی ٹرافی ایبٹ آباد پہنچ گئی