قوم کو پرانے طور طریقے بدلنے ہونگے اپنے وسائل میں رہنا ہوگا، مفتاح اسمٰعیل

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ ملک میں برسوں سے جاری بوم اینڈ برسٹ سائیکل (زیادہ شرح نمو اور پھر معاشی بحران) کو ختم کرنا چاہتا ہوں، ہمیں دہائیوں پرانے طور طریقوں کو بدلنا ہوگا تاکہ قوم کو اپنے وسائل میں رہنے کے سلسلے میں مدد دی جاسکے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق مفتاح اسماعیل نے غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 47 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ سیلاب کی وجہ سے افراط زر کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی 15 فیصد رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دہائیوں پرانے طریقوں کو بدلنا ہوگا اور قوم کو محدود وسائل کے مطابق رہنا ہوگا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ طویل عرصے تک پرتعیش اشیا (لگژری آئٹم) کی درآمدات پر پابندی ناگزیر ہے جبکہ رواں مالی سال معیشت کی شرح نمو 3.5 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایک سال میں کچھ نہیں کرسکتے لیکن اچھے دور کی شروعات کے لیے چیزوں کو ٹریک پر لاسکتے ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کو اپنے وسائل میں رہ کر گزارا کرنا ہوگا‘

مزید پڑھیں:  قومی ویمن کرکٹر و سابق کپتان بسمہ معروف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان