افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دوحہ معاہدے کے تحت افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افغانستان کی سرزمین سے دہشتگردی واقعات پر افغان حکام کو مسلسل آگاہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے کے تحت افغان عبوری حکومت ذمہ داریاں پوری کرے اور یقینی بنائے کہ پاکستان کے خلاف ان کی سرزمین استعمال نہ ہو۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے پاک ایران تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کا کشمیر اورغزہ پر مؤقف یکساں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کامیاب دورہ پاکستان کیا۔ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ مضبوط تعلقات ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی بھارت کے ساتھ تجارت پر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، پاکستان اپنی قومی مفاد میں فیصلہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے جبکہ بھارتی سیاست دان بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف 28 اپریل سے سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے گیمبیا بھی جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  پولیو خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے،علی امین گنڈا پور