ہراسانی کیس افغان کمشنریٹ طلب

ہراسانی کیس، خاتون افسر کیخلاف انکوائری پر افغان کمشنریٹ طلب

ویب ڈیسک : پشاورہائیکورٹ نے افغان کمشنریٹ کی خاتون آفیسرکی جانب سے ہراساں کرنے کا کیس دائر کرنے کے بعد ان کیخلاف انکوائری شروع کرنے پر کمشنر افغان کمشنریٹ کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی، جسٹس محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے خاتون آفیسر افغان کمشنریٹ کی رٹ پر سماعت کی، اس دوران ان کے وکیل سلیم شاہ ہوتی نے عدالت کو بتایا کہ ایک خاتون آفسر نے افغان کمشنریٹ کے دو مرد افسروں کے خلاف اسے مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر کیس دائر کیا تو اس کے خلاف اب انکوائری شروع کردی گئی ہے
جس پر افغان کمشنریٹ کے وکیل زرتاج انور نے بتایا کہ ایسا کچھ نہیں، انہوں نے مختلف ممالک کے دورے کئے اور کوئی این او سی نہیں لیا تھا، عدالت نے خاتون افسر سے استفسارکیا کہ کیاآپ کو شوکاز ملاہے؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں ابھی تک کوئی شوکاز نہیں ملا، افغان کمشنریٹ کے وکیل نے بتایا کہ انہیں چارج شیٹ کیاگیا ہے، جسٹس محمد ابراہیم خان نے استفسار کیا کہ چارج شیٹ ہراسمنٹ کیس کے بعد کیا ہے یا پہلے؟جس پر بتایا گیا کہ چارج شیٹ ہراسمنٹ کیس دائر کرنے کے بعد کیا گیا ہے
اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں جن افسروں کو فارغ کیا گیا ہے، ان کا کیس بھی کل سماعت کیلئے مقرر ہے، عدالت نے افغان کمشنریٹ کوآج پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے قراردیا کہ دونوں کیسز کو کل سنیں گے اور اس پر فیصلہ دیں گے، عدالت نے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  کرک، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی ماسٹرز امتحانات کا شیڈول جاری