آئی ایس ایف رہنما پر تشدد

صوبائی وزیر کے گارڈزکاآئی ایس ایف رہنما پر تشدد

ویب ڈیسک : انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ( آئی ایس ایف) نے صوبائی وزیر بحالی و آبادکاری اقبال وزیر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی ایس ایف نے دوپہر 12بجے تمام کارکنوں کو وزیر اعلیٰ ہائوس پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر بحالی و آبادکاری اقبال وزیر کے ساتھ آئی ایس ایف کی قیادت کے معاملات سنگین صورت اختیار کرگئے اور فیڈریشن کے رہنمائوں کے مطابق اقبال وزیر کے گارڈز نے ان کے رہنمائوں پر تشدد کیا جس کے بعد آئی ایس ایف پشاور کے کارکنوں نے وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے احتجاج کیا ۔
صوبائی ترجمان آئی ایس ایف دلیر خٹک نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صوبائی وزیر بحالی و آبادکاری اقبال وزیر کو فی الفور ہٹایا جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں اقبال وزیر نے عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور جب آئی ایس ایف کے جنرل سیکرٹری سجیل برقی نے انہیں روکا تو اقبال وزیر کے گارڈز نے ان پر تشدد کیا۔ دلیر خٹک نے صوبہ بھر سے آئی ایس ایف کے ارکان کو آج دوپہر 12بجے وزیر اعلیٰ ہائوس پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی:خواتین ارکان کیلئے نازیبا جملے کسنے کیخلاف قرارداد منظور