پاکستان کی بیٹنگ 202 پر آئوٹ

ملتان ٹیسٹ، پاکستان کی بیٹنگ لائن نے ابرار کی محنت پر پانی پھیر دیا، 202 پر آئوٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن فلاپ ہو گئی اور پہلے روز ابرار احمد کی شاندار بائولنگ کارکردگی کو ضائع کردیا، قومی کرکٹ ٹیم دوسرے روز کھانے کے وقفے سے قبل ہی انگلینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 281 کے جواب میں 202 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 79 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے، پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز دوسرے روز 107 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے تیسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 142 کے مجموعی سکور پر 75 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بیٹرز وکٹ پر کھڑا نہ ہوسکا ، چوتھی وکٹ سعود شکیل کی صورت میں 158 رنز پر گری، وہ 63 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، پاکستان کی پانچویں وکٹ 165 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد رضوان دس رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی چھٹی وکٹ چار رنز کے اضافے کے بعد اس وقت گری جب محمد نواز ایک سکور بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، ساتویں وکٹ کا نقصان پاکستان کو اس وقت اٹھانا پڑا جب 169 کے مجموعی سکور پر سلمان علی آغا چار رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، پاکستان کی آٹھویں وکٹ اس وقت گری جب اسی سکور پر محمد علی بغیر کوئی سکور بنانے پویلین لوٹ گئے، صرف دس رنز کے اضافے کے بعد پاکستان کو نویں وکٹ کا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب زاہد محمود بھی بغیر کوئی سکور بنائے پویلین چلے گئے جبکہ دسویں اور آخری وکٹ 202 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب فہیم اشرف 22 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، ابرار احمد سات رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار، مارک ووڈ اور جو روٹ نے دو دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں:  سنٹرل ایشیا والی بال چمپئن شپ کا آخری لیگ میچ پاکستان کے نام