میری ذاتی گھڑی

میری ذاتی گھڑی تھی بیچوں یا کچھ بھی کروں، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہ ہورہا ہے، مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور لوگ میری گھڑی کے پیچھے پڑے ہیں، میری ذاتی گھڑی تھی بیچوں یا جو کچھ کروں یہ میری مرضی ہے، میڈیا لوگوں کے معاشی قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟
ویب ڈیسک: ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سٹیبشلمنٹ سمیت ہرطبقے سے پوچھتا ہوں کیا آپ کو فکر نہیں کہ پاکستان کدھر جا رہا ہے؟ ہمیں سلیکٹڈ کہا جاتا تھا، اب تو کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ سلیکٹڈ کون ہے؟ سب کو معلوم ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے انھیں این آر او ٹو دیا۔
عمران خان نے کہا مجھے نا اہل کرنے کیلئے کہ یہ مقدمات ڈھونڈ رہے ہیں، اداروں کو ملک کا سوچنا چاہیے، اِسی مہینے اسمبلی سے نکل جائیں گے، دسمبر میں ہماری تیاری ہوجائے گی، ملک معاشی تباہی کی طرف جا رہا ہے، ہمیں اس بحران سے الیکشن ہی نکال سکتا ہے، این آر او ٹو میں اب سلیمان شہباز بھی ڈرائی کلین ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف آیا ہے ان کو وقت دینا چاہیے، ہم نے ان کی بڑی اچھی چیزیں سُنی ہیں، جنرل عاصم منیر کی بڑی تعریفیں سُنی ہیں، وہ حافظ قرآن ہیں، امید کرتا ہوں جنرل عاصم امربالمعروف پرچلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میری ذاتی گھڑی کے پیچھے پڑی ہوئی ہے، میری ذاتی گھڑی ہے میں اسے بیچوں یا جومرضی ہے کروں، اصل مسئلہ معیشت ہے، اس پر کوئی بات نہیں کررہا، اس پر سب سناٹے میں ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائِیلی عوام کا جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ