کرم کے دوقبائل میں کشیدگی،مارٹرحملہ سے 4افراد جاں بحق

ویب ڈیسک : سنٹرل کرم گندائو پاڑہ چمکنی کی سوپ سٹون گاڑیوں سے مین سرکاری روڈ پر مبینہ زبردستی بھتہ وصولی پر اہلیانِ گندا اور بوغکی کے مابین حالات کشیدہ ہونے کے بعد گزشتہ روز سے دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ جمعہ کے روز بوغکی کی طرف سے فائر ہونے والے مارٹر گولہ گندائو کے کرغی سر مورچے پر گرنے کے نتیجے میں پاڑہ چمکنی کے چار افراد احسان اللہ ،راوف خان ،محمد انور اور وسیم خان موقع پر جان بحق ہوگئے ۔اس کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں اور دو طرفہ بھاری اسلحہ کا استعمال جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق سنٹرل کرم پاڑہ چمکنی کے علاقے گندا اور دڑادڑ کے پہاڑوں سے بڑی مقدار میں سوپ سٹون نکل رہا ہے
جسے بڑی گاڑیوں کے ذریعے اضلاع پایاں اور پنجاب لے جایاجاتا ہے ۔ادھر پاڑہ چمکنی کے مشران کے بقول اہلیان اپر کرم بوغکی اور بادامہ مین سڑک پر پھاٹک لگا کر ہماری گاڑیوں سے آٹھ سو سے سولہ سو تک غنڈہ ٹیکس کی شکل میں بھتہ وصول کر رہے ہیں صرف اس لیے کہ وہ کہتے ہیں کہ یہ گاڑیاں ہمارے راستے اور سڑک سے گزر کر جاتی ہیں ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس سے پہلے بھی انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات لائے تھے لیکن حکومت نے سنی ان سنی کر دی اور اب حالات خطرناک صورت اختیار کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنا ہے اور مزید خونریزی کا اندیشہ موجود ہے ۔

مزید پڑھیں:  طورخم سرحد آج سے بند، تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، بارڈر حکام