آٹے 250 روپے سستا

گندم کوٹہ میں اضافہ ،20کلوآٹے 250 روپے سستا،ذخیرہ اندوزوں کوسزادینےکاحکم

ویب ڈیسک : پنجاب میں گندم کی قیمت میں کمی اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کوٹہ میں 30 فیصد اضافہ کے بعد پشاور کی مارکیٹ میں آٹے کی فی بوری کی قیمت اڑھائی سو روپے تک کم ہوگئی ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس کی قیمت میں مزید کمی کا بھی امکان ہے پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گندم کے کوٹے میں اضافہ کرنے کے بعد آٹے کی قیمت میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ پشاور کی مارکیٹ میں چند روز قبل 3ہزار 100روپے تک فروخت ہونیوالے آٹے کی 20 کلو بوری کی قیمت میں اڑھائی سو روپے تک کمی ا گئی ہے اور اب یہ بوری 2 ہزار 850 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
یوکرین سے آنے والے گندم کے جہاز سے مال اب تک صوبے تک نہیں پہنچا ہے اور مارکیٹ میں کمی شروع ہوگئی ہے جس کے بعد اب یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید کمی بھی آئے گی ۔ پشاور ہائی کورٹ کے نوٹس لینے کے بعد آٹا کی قیمتوں میں کمی آنے لگی ہے ۔ صوبائی حکومت نے بھی گندم کا کوٹہ 5ہزار میٹرک ٹن سے بڑھا کر ساڑھے 6 ہزار میٹرک ٹن کر دیا ہے ۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے سیکرٹری محکمہ خوراک عابد وزیر نے بتایا کہ صوبے میں گندم و آٹے کا بحران نہیں ہے۔ صرف قیمتیں بڑھی تھیں پاسکو اور کراچی سے گندم کی ترسیل شروع ہوچکی ہے
اگلے چند دنوں میں مارکیٹ میں آٹا و گندم کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔دوسری طرف وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آٹے اور گندم کی صورتحال پر اجلاس کے دوران کہا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ ملک میں کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں اور گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کیلئے اپنی گورننس بہتر کریں۔ گزشتہ پانچ روز میں حکومت کے اقدامات کی بدولت آٹے کے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 1000 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں پولٹری فارمنگ کا کاروبار زوال پذیر، لاکھوں افراد کنارہ کش