مینگورہ لنڈا بازار

مینگورہ ، لنڈا بازار بھی عام لوگوں کی قوتِ خرید سے باہر ہوگئے

ویب ڈیسک : مینگورہ کے ہفتہ وار لنڈا بازار میں بھی لنڈے کی چیزیں اتنی مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام لوگوں کی قوتِ خرید سے باہر ہیں۔ مین بازار میں ہفتہ وار لنڈا بازار میں37 سال سے لنڈے کی چیزیں فروخت کرنے والے محمد ریاض نے مشرق کو بتایا کہ لنڈے کا مال بیرونی ممالک سے آتا ہے، جو استعمال شدہ ہوتا ہے۔ بیرونی ممالک سے لنڈے کے سارے کنٹینر کراچی پورٹ پر کھڑے ہیں۔ زیادہ ٹیکس اور ڈالرز نہ ہونے کی وجہ سے وہ کلیئر نہیں ہو رہے، جس کی وجہ سے پچھلے سال کا مال کم ہے۔
اس وجہ سے مہنگا بھی ہے۔ بازار میں خریداری کے لئے آنے والے بخت معراج نے مشرق کو بتایا کہ میں اپنے لیے اور اپنے بچوں کیلئے گرم جیکٹ، جرسیاں اور جوتے خریدنے آیا تھا، لیکن قیمتوں کا سن کر خریداری نہیں کر سکا اور واپس جارہا ہوں۔ ایک اور شخص عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ دوسری جانب کباڑ کا سامان بھی اتنا مہنگا ہوگیا ہے کہ غریب آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہے۔ واضح رہے کہ اس سال سوات میں شدید بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں بہت اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے لوگ گرم کپڑے خریدنے کے لئے لنڈا بازار جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  قومی ویمن کرکٹر و سابق کپتان بسمہ معروف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان