پولیس لائنز پشاور دھماکے کا مقدمہ

سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

ویب ڈیسک: کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاورنے پولیس لائنز پشاور کے مسجد میں ہونیوالے دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا ہے ۔ ایس ایچ او تھانہ شرقی کی جانب سے سی ٹی ڈی کو ارسال کئے گئے مراسلہ کے مطابق 30جنوری کو پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کے دوران دھماکہ ہوا ۔ جس کے نتیجہ میں مسجد کی چھت منہدم ہو گئی جبکہ قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچنے سمیت انویسٹی گیشن کار پارکنگ میں کھڑ ی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں
جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں ۔ اس طرح 31جنوری کی شام5بج کر5منٹ پر ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق دھماکہ میں ڈی ایس پی عصمت اللہ خان، ڈی ایس پی عرب نواز خان، انسپکٹر دوران شاہ خان، انسپکٹر عرفان خان ، انسپکٹر ظاہر شا ہ اور سب انسپکٹر تلاوت شاہ سمیت کثیرتعداد میں پولیس اہلکار شہید و زخمی ہوئے ہیں۔ ایف آئی آر میں نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی، قتل اور پولیس پر حملے سمیت 7دفعات درج کئے گئے ہیں اور قرار دیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر اور ان کے سہولت کار مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے ملک و قوم کی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بنوں، نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں ایف سی اہلکار قتل