ضمنی الیکشن: حلقہ این اے 193 میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے بھاری مارجن سے میدان مار لیا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیداروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی الیکشن میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تاہم ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ کو تھوڑی دیر کیلیے روکا بھی گیا تھا، جس کے بعد وہاں اضافی وقت دیا گیا۔
حلقے کے تمام 237 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم ليگ ن کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی نے 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔
خیال رہے کہ این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں:  صحت کے شعبے میں تحقیق، تین روزہ عالمی ریسرچ کانفرنس کا انعقاد