رمضان سہولت کائونٹرز

موجودہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر پشاور میں ماہ رمضان سے قبل پشاور کے شہریوں کو بنیادی ضروریات کے تحت اشیائے خوردونوش پر خصوصی رعایت دینے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر رمضان سہولت کائونٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور نے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی تاجر برادری کے اشتراک سے سہولت کائونٹرز قائم کئے ہیں اور شہر ‘ صدر ‘ رنگ روڈ ‘ یونیورسٹی روڈ ‘ حیات آباد کے مشہور سٹورز پر یہ کائونٹرز قائم کردیئے گئے ہیں جہاں سے عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی ‘ جہاں تک مجوزہ سہولت کائونٹرز کا تعلق ہے ان کی تعداد بہت ہی کم ہے اور ممکن ہے کہ اتنی کم تعداد میں سہولت کائونٹرز کے قیام سے عوام کی بڑی تعداد کو کم قیمت پر اشیائے خورد ونوش کے حصول میں مشکلات درپیش ہوں ‘ جبکہ اس قسم کے تجربات ہر سال یوٹیلٹی سٹورز پر بے پناہ رش کی صورت میں عوام دیکھتے رہے ہیں چونکہ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت کی فراہمی ہے اور سستے داموں اشیائے صرف کا حصول ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ ایسے سٹورز کی تعداد میں معتد بہ اضافہ کیا جائے اور ساتھ ہی ان کی مسلسل نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے کیونکہ ماضی میں اتوار بازار ‘ جمعہ بازار اور منگل بازاروں کے نام پرعوام کوسستی اشیاء تو ضرور فراہم کی جاتی رہی ہیں تاہم ان اشیاء کی کوالٹی کے حوالے سے اعتراضات بھی سامنے آتے تھے ‘ اس لئے رمضان سہولت کائونٹرز کی ا ہمیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ ان کائونٹرز کو ہر طرح سے اور حقیقت میں سہولت کا خوگر بنایا جائے ‘ تاکہ غریب عوام کو اچھی کوالٹی کی اشیائے خوردونوش سستے داموں حاصل کرنے میں کوئی دقت نہ ہو’ ضلعی ا نتظامیہ کا یہ اقدام یقینا قابل ستائش ہے اور صوبائی حکومت سے گزارش ہے کہ وہ پورے صوبے میں اس طرز پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار کارپردازان کو ہدایت جاری کرے کہ وہ بھی اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں سہولت کائونٹرز کے قیام کو ممکن بنا کر دیگر اضلاع کے عوام کوبھی آسانیاں فراہم کریں دیگر اضلاع کے تاجروں کا بھی فرض ہے کہ وہ رمضان المبارک کے تقدس کے تحت مقامی ضلعی حکام کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نسبتاً کم منافع پرعوام کے لئے اشیائے صرف سستی کرکے نیکی کمائیں اور اللہ کی خوشنودی سے جھولیاں بھریں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل حماس جنگ کے 200دن