مفت آٹاکی تقسیم کے دوران دھکم پیل،2افرادجاں بحق،خواتین سمیت متعددزخمی

ویب ڈیسک:مختلف شہروں میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے باعث بھگدڑ اور دھکم پیل کے نتیجے میں مزید4افراد جاں بحق اور خواتین سمیت کئی زخمی ہو گئے۔ چارسدہ میں مفت آٹا تقسیم کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مفت آٹے کی تقسیم کے دوران دھکم پیل اور بھگدڑ ایک شخص کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے کی وجہ بنی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے ایک ہی سینٹر میں مفت آٹا تقسیم کا پوائنٹ مقرر کیا گیا ہے اور صبح 6بجے سے ہزاروں مرد و خواتین مفت آٹے کے حصول کے لیے سینٹر پہنچ گئے تھے۔ مفت آٹا آنے سے قبل جیسے ہی سینٹر کا گیٹ کھولا گیا تو بھگدڑ مچ گئی۔ شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ناقص انتظامات کے سبب افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کم پوائنٹ مقرر کیے گئے ہیں۔چارسدہ میںجاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کلا ڈھیرکے رہائشی شیر افضل ولدسعید اللہ کے نام سے ہوئی ۔زخمیوں میںجمال ولد قیوم ،شیر عالم ولد سر بلند اور زوجہ بختیار علی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ منتقل کردیاگیا۔تاجر رہنمائوں لعل محمد لعل ، حکیم اللہ فوجی ،میاں رحم باچا،میاں مفرق شاہ اور دیگر نے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ میں بھگڈر مچ کے واقعے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ڈال دی ۔نیو بنوں فلور ملز ممش خیل میں آ ٹے کے انتظار میں قطاروں میں سینکڑوں شہری کھڑے تھے کہ اس دوران آٹے سے ٹرک دیوار کیساتھ ٹکرا گیا اور دیوارشہریوں پر آ گری جس کے نتیجے میں 65 سالہ گل خان ولد میاں گل سکنہ ممش خیل نو گڑھی ملبے تلے آ کر چل بساجبکہ مصطفی خان ولد عالم گل سکنہ پیر دل خیل ممش خیل شہزادہ ولد سعید خان سورانگی ممش خیل، بلال خان ولد ضیر وللہ سکنہ ممش خیل گریڑہ اور گل آزاد خان ولد سخی مرجان سکنہ کوٹکہ بہادر شیر زخمی ہو گئے
جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ، ہسپتال سے ڈسچا رج ہوکر گل آزاد خان گائوں میں اچانک چل بسے۔ بنوں سپورٹس کمپلیکس میں بھی بد نظمی دیکھی گئی جہاں آ ٹے کی عدم دستیابی پر خواتین نے بنوں کوہاٹ روڈ احتجاجاً ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کر دی،خواتین کا کہنا تھا کہ ہم سحری سے آئے ہیں دو پہر تک آٹا نہیں ملا ہے، اس موقع پر احتجاج میں شریک مردوں پر پولیس نے تشدد بھی کیا، بعد ازاں بنوں پولیس لائن چوک میں بھی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بنوں ہی میں مفت آٹے کے حصول کے لیے قطار میں کھڑی ایک خاتون بے ہوش ہو گئی، جسے ریسکیو 1122 کے اہل کاروں نے اسپتال منتقل کیا۔اُدھر مردان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آٹا تقسیم کے پوائنٹ پر بدنظمی کا واقعہ پیش آیا، جہاں دوپہر بارہ بجے تک آٹا تقسیم کا عمل شروع نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مردان اسپورٹس کمپلیکس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین جمع ہیں۔مردان سپورٹس کمپلیکس میں قائم کئے گئے میگا سنٹر میں ضعیف العمر مرد و خواتین روزے کی حالت میں مفت آٹے کے حصول کیلئے صبح سے شام تک ذلیل و خوار ہوتے رہے جبکہ مفت آٹے کے حصول کیلئے شہروں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ، ضلعی افسران بے بسی کے عالم میں نظارہ کرتے رہے ۔

مزید پڑھیں:  انسولین کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، شوگر کے مریض پریشانی کا شکار