مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنیوالے2قصاب گرفتار

ویب ڈیسک: محکمہ خوراک نے مردہ جانوروں کے گوشت کو مارکیٹ میں سپلائی کرنیوالے دو قصاب گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیئے۔ محکمہ خوراک کے حکام کو اطلاع ملی کہ کالا منڈی کے باہر مردہ جانوروں کو ذبح کر کے گوشت کو مارکیٹ سپلائی کیا جا رہا ہے جس پر سیکرٹری محکمہ خوراک عابد وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن نے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی۔
راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کالا منڈی کا دورہ کیا اور موقع پر قصابوں کو مردہ جانوروں کو ذبح کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جن کو تھانہ چمکنی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ گرفتار ملزموں کے مطابق وہ مردہ جانوروں کے گوشت کو گھنٹہ گھر بازار سپلائی کر رہے تھے۔ محکمہ خوراک کے حکام نے گوشت کو قبضے میں لے کر تلف کردیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ملیکہ بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی