جے ایچ کیو سمیت فوجی تنصیبات پرحملے،توڑپھوڑ

جے ایچ کیو سمیت فوجی تنصیبات پرحملے،توڑپھوڑ

ویب ڈیسک:قومی احتساب بیورو(نیب ) کے ہاتھوں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک گیراحتجاج شروع کردیا ہے جس کے دوران جی ایچ کیوسمیت اہم فوجی تنصیبات پربھی حملے اورتوڑپھوڑ کی گئی ،عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچ گئے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اس حوالے سے موصول ہونے والی ایک ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک کے باہر توڑ پھوڑ کرتے ہیں اور اس کے پھر گیٹ کو زبردستی کھول کر اندر داخل ہو جاتے ہیں جبکہ مری روڈ پر واقع حمزہ کیمپ کے باہر موجود سکیورٹی چوکی کوبھی نذر آتش کیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہورمیں بھی احتجاج جاری ہے جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہائوس کے باہر موجود ہیں۔بی بی سی کے فرقان الٰہی کے مطابق مظاہرین نے یہاں موجود گاڑیوں کو آگ بھی لگائی ہے جبکہ مظاہرین نے لاہور کینٹ میں موجود چند پولیس وینز کو بھی آگ لگا دی ہے۔
پشاور میں مظاہرین نے خیبر روڈ پر ریڈ زون کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ مظاہرین نے خیبر روڈ پر چوک کے قریب ریڈیو پاکستان کی عمارت کے اندر چاغی پہاڑ کے ماڈل کو آگ لگا دی۔ پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی پر دھاوا بول دیا اور پولیس اہلکاروں کو غلیلوں کی مدد سے نشانہ بنایا،مظاہرین نے عمارت کے بیشتر شیشے بھی توڑ دیئے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کارکنوں نے پچگی روڈ پربکرا منڈی کو نذر آتش کردیا،جب پولیس نے مظاہرین کوخیبر روڈسے پیچھے دھکیلنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیاگیاتوکارکن ٹریفک ہیڈکوارٹر کی طرف بھاگ گئے اوروہاں پر بعض چیزوں کو آگ لگاتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اس مقام پر بھی پولیس نے کارکنو ں کو گھیر لیاجس کے بعد کارکن شمع سنیما روڈ اور پچگی روڈ کے درمیان بکرا منڈی مارکیٹ میں پہنچ گئے اور پوری مارکیٹ کوآگ لگادیمردان میں پی آر سی مارکیٹ کے باہر نصب مجسمے بھی اکھاڑ کر جلا دیئے گئے۔
پشاور میں احتجاج کیلئے ہشتنگری کے مقام کا تعین کیا گیا تاہم مظاہرین نے ریڈ زون کا رخ کرلیا پولیس اور مظاہرین کے درمیان اسمبلی چوک میں جھڑپ ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے نتیجہ میں متعددکارکن زخمی بھی ہوگئے۔بنوں کینٹ پربھی مشتعل کارکنوں نے دھاوابول دیا،بنوں کنیٹ کے کوہاٹی گیٹ اور ڈیزرڈ گیٹ پر سینکڑوں ڈانڈا بردار کارکن داخل ہوگئے اور شدید توڑ پھوڑ کی،کوہاٹی گیٹ کے سامنے نصب مجسمہ نذر آتش کیا جبکہ گیٹ کے اندرونی حصے میں بھی گھیرائو جلائواور توڑ کی، مظاہرین نے ڈیزرڈ گیٹ کی حفاظتی دیوار کو بھی گرا دیا ، کینٹ گیٹ کے سامنے کھڑے ٹینک پر مظاہرین چڑھ گئے اور اس پر پی ٹی آئی کا جھنڈا بھی لہرایا
آرمی کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی اور بنوں کینٹ مکمل سیل کر دیا گیا۔ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل اورتختہ بیگ جمرود میں مظاہرین نے احتجاج کیااور انسداد منشیات کی گاڑی پر دھاوا بول دیا،پتھرائو سے دو اہلکار زخمی ہوئے جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔اوگی میں پی ٹی آئی کارکنان نے میلادچوک بندکرکے احتجاج کیا۔چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں مظاہرین کی بڑی تعدادجمع ہوئی اورنعرے بازی کی ۔ لکی مروت میں اجتماعات پر پابندی کے باوجودپی ٹی آئی کارکنوں نے گنڈی چوک، منجی والا چوک اور عمراڈہ ( مشہ منصور)کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔بعض ڈانڈا بردار مشتعل کارکنوں نے گنڈی چوک پر واقع پولیس چوکی پر حملے کی کوشش کی لیکن مقامی رہنمائوں نے انہیں روک دیا ۔پی ٹی آئی ملاکنڈ کے کارکنوں نے سوات موٹروے اور ملاکنڈ ٹنل کو بند کرکے ڈویژن کے نو اضلاع کو جام کردیا ، مشتعل کارکنوں نے سوات موٹر وے ٹول پلازہ کو جلا کر پل چوکی انٹر چینج ،ملاکنڈ ٹنل اور مین شاہراہ پررکاوٹیں کھڑی کردیں۔
نوشہرہ کینٹ ،تحصیل پبی اور جہانگیرہ میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مظاہرین نے شوبرا چوک ،پبی میں کمیٹی ،اور جہانگیرہ میں مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا ۔رستم میں پی ٹی آئی کارکنان نے مین چوک اور بائی پاس چوک میں احتجاجی مظاہرے کئے،مظاہرین نے ٹائرز جلا کر مردان بونیر روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند رکھا ۔عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مینگورہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ڈویژنل صدر فضل حکیم خان یوسف زئی نے کی۔ ایبٹ آباد میں مظاہرین نے شاہراہ ریشم کو فوارہ چوک منڈیاں میزائل چوک سمیت مختلف مقامات سے ٹائر جلا کر بند کر دیا ۔ٹانک ڈیرہ روڈکو بھی مشتعل مظاہرین نے ٹائرجلاکرہر قسم کی ٹریفک کیلئے بندکردیا ۔تخت بھائی ملاکنڈ روڈ پر ٹائر جلاکر فلائی اوور کے سامنے روڈ کو غیر معینہ مدت تک بند رکھا۔
مردان میں بھی عمران خان کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن سڑکوں پر نکل آئے اورکالج چوک،منگل باغ چوک اورپنجا ب رجمنٹ سنٹر کے سامنے احتجاج کیا،مظاہرین نے مانومنٹ کی توڑ پھوڑ کی اورنعرے بازی کرتے ہوئے پولیس پر پتھرائوکیا۔شیرگڑھ میں ٹی آئی کے کارکنان نے مین بازار میں ہاتھیان چوک کے مقام پر دوطرفہ شاہراہ ملاکنڈ کو ہرقسم ٹریفک کیلئے بند کرکے احتجاج کیا۔قبائلی ضلع مہمند میں مشتعل افرادنے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ بلاک کردی ۔

مزید پڑھیں:  بھکر، فورسز کے ہاتھوں پنجاب میں داخل ہونیوالے 2 دہشتگرد ہلاک