بی آر ٹی سروس

بی آر ٹی سروس آج جاری رہے گی، بندش کاخطرہ ٹل گیا

ویب ڈیسک: حکومت کے ذمہ 86 کروڑ روپے کے بقایاجات ادا کئے جانے کے بعد بی آر ٹی سروس کی بندش کا خطرہ عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔ بی آر ٹی کے ٹوئٹر اکائونٹ سے جاری بیان کے مطابق آج پیر کے روز سروس جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بقایاجات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین کو اپریل کی تنخواہوں کی ادائیگی تاحال نہیں کی گئی ہے جبکہ بیشتر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ الائونسز وغیرہ کی ادائیگی بھی نہیں ہو سکی ہے
جس کی وجہ سے بی آر ٹی سروس کی بندش کا خدشہ تھا ۔ اس حوالہ سے تمام ملازمین کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا لیکن بی آر ٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آج پیر کے روز سروس بند نہیں کی جائے گی جس کی وجہ سے بی آر ٹی سے سفر کرنے والے تین لاکھ سے زائد شہریوں کی مشکلات عارضی طور پر ٹل گئی ہیں۔ دوسری جانب اس سروس کی بندش سے بہت زیادہ مسائل کھڑے ہوںگے کیونکہ حکومت نے جنرل بس سٹینڈ پشاور سے حیات آباد تک چلنے والی اربن ٹرانسپورٹ سروس کی گاڑیوں کو خرید کر تلف کیا ہے اور تقریبا2 درجن گاڑیاں ہی شہر میں باقی رہ گئی ہیں۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ سروس معطل کرنے سے لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ فنڈز نہ ملنے کی صورت میں پہلے مرحلے میں کوہاٹ روڈ اور چارسدہ روڈ کی فیڈر روٹس پر آپریشن کو معطل اور دوسرے مرحلے میں سنٹرل روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد میں کمی کر دی جائے گی ۔

مزید پڑھیں:  سی آر بی سی لفٹ کینال پراجیکٹ کا ٹینڈر جولائی تک جاری کرنے کا فیصلہ