فوجی تنصیبات پر حملہ

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے پر آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریاستی اداروں، فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، آرمی ایکٹ تو حرکت میں آئےگا، پابندی کا فیصلہ عدالت کوکرنا ہے اگر عدالت سمجھتی ہے پابندی ہونی چاہیے تو خس کم جہاں پاک۔
ویب ڈیسک: لاہور میں وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نے کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق سے انکے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال کو نئی پریکٹس کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے، جو ملک کیلئے مفید ہوگا وہی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 2018 کے الیکشن نتائج کو کسی صورت قبول نہیں کرتے،2017 کے بعد ملکی معیشت کی گروتھ گری ہے عوام سمجھ رہی ہے ملک کو اس دلدل میں کس نے دھکیلا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ جلسے ہم نے بھی کیے ہیں، ہمارے جلسوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے جلسے نہیں جلسیاں تھیں، لیکن ہمارے جلسوں میں قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، اب ایک جماعت نے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ، فوجی املاک کو نقصان پہنچایا ہے تو آرمی ایکٹ تو حرکت میں آئے گا، آرمی ایکٹ کی بھی قانون میں ایک حیثیت ہے، آرمی ایکٹ پر بھی اپیل ہو سکتی ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے، ہر پارٹی کا اپنا منشور ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے طور پر علاقائی اتحاد کر سکتے ہیں، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے جو میں کہہ رہا ہوں وہی پی ڈی ایم کا مؤقف ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر: میدان سوری پاؤ میں گھر کا چھت گر گیا، گائے اور بکریاں ہلاک