سی سی ٹی وی

ضلعی ہسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تجویز موخر

ویب ڈیسک: نگرا نی کا نظام موثر بنانے کیلئے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح کے ہسپتالوں میں بائیو میٹرک اور جدید کیمروں کی تنصیب کی تجویز کو اس بجٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 20 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا جس کیلئے گذشتہ مالی سالوں کے دوران 15 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے تاہم رواں مالی سال کی طرح نئے مالی سال کیلئے اس قسم کا کوئی منصوبہ تجویز نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگرانی کے نظام کو موثر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت نے سیکنڈری لیول یعنی تحصیل اور ڈسٹرکٹ سطح کے ہسپتالوں میں ملازمین کی حاضری کیلئے کمپیوٹرائزڈ بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے کے ساتھ مذکورہ ہسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگانے کا منصوبہ گذشتہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل پر 2 سو ملین یعنی 20 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا جس میں 150 ملین یعنی 15 کروڑ روپے پہلے مالی سال کے دوران مختص کرنے کی سفارش کی تھی جبکہ باقی 5 کروڑ روپے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام پر چھوڑے گئے تھے لیکن رواں سال کے بجٹ میں اس منصوبے کیلئے پیسے جاری نہیں کئے گئے اور نگران حکومت کے نئے بجٹ میں بھی اس منصوبے پر غور نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں پر قابو پالیں گے، ولادمیر پیوٹن