پیشگی تنخواہیں اور پنشن نہ مل سکی، ملازمین رل گئے

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے 22 جون کو عیدالاضحی سے قبل تنخواہیں اور پنشن جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بیشتر سرکاری ملازمین کو پنشن اور تنخواہیں جاری نہیں ہوسکی ہیں۔ آج منگل کو آخری ورکنگ ڈے ہے اور اگر آج تنخواہیں نہ ملیں تو ملازمین کی بڑی تعداد تنخواہوں اور پنشن سے محروم رہ جائیں گے۔ تنخواہیں اور پنشن جاری ہونے کے باوجود پنشن اور تنخواہیں بنکوں میں نہیں آئیں جس کے باعث حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عید کے اخراجات کیلئے ہر شخص کو رقم درکار ہوتی ہے، ملازمین کی اسی ضرورت کے پیش نظر حکومت ہر سال عید سے قبل ہی تنخواہیں اور پنشن جاری کر دیتی ہے اور امسال بھی حکومتی احکامات کے مطابق تنخواہیں اور پنشن جاری کر دی گئی ہیں تاہم بینکوں میں تنخواہیں اور پنشن نہ آنے سے ملازمین کو شدید ذہنی کوفت اور مشکلات کا سامنا ہے، سرکاری ملازمین پیر کے روز تنخواہیں اور پنشن نکلوانے بینک گئے تو انہیں ٹوکن نمبر جاری کرنے کے بعد انتظار کا کہا گیا۔ رش کے باعث ہر ملازم کو 2 سے 3 گھنٹے انتظار کرنا پڑا تاہم نمبر آنے پر معلوم ہوا کہ اکائونٹ میں پیسے نہیں آئے، یہ صورتحال کسی ایک بینک کی نہیں بلکہ ہر بینک میں یہی صورتحال درپیش ہے جہاں حاضر سروس اور ریٹائرڈ با عمر ملازمین مرد و خواتین کی قطاریں لگی ہیں اور انہیں گھنٹوں انتظار کے بعد کہا جاتا ہے کہ آپ کی تنخواہ یا پنشن نہیں آئی جس پر انہیں مایوس گھروں کو لوٹنا پڑا۔ ملازمین نے کہا کہ آج منگل کا ایک دن بچا ہے، حکومت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ اکائونٹس میں رقم منتقل نہ ہونے کی تحقیقات کرائے۔

مزید پڑھیں:  ایٹا مالی اخراجات اور سسٹم اپ گریڈیشن پر خودکارانداز میں کام کررہاہے، مزمل اسلم