آج سے مون سون کا آغاز، تیز بارشوں اور طوفان کی پیش گوئی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون کی بارشیں شروع ہونے کی پیش گوئی کردی گئی ہے جو 8 جولائی تک جاری رہیں گی۔ پشاور، مردان، کرم، بنوں، اپر و لوئر چترال سمیت 18 اضلاع میں تیز بارش اور طوفان کا امکان ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی 3 جولائی کی شام سے 8 جولائی تک پشاور، اپر و لوئر چترال، سوات، مانسہرہ، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
بارش اور طوفان کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور مردان کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس موقع پر برساتی نالوں کی نگرانی کرے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی افراد کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائی جائیگی۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید پڑھیں:  فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کے مرتکب ہیں، حکم نامہ جاری