وزیراعظم کی مبارکباد

وزیراعظم کی سٹاک مارکیٹ میں غیرمعمولی اضافے پر قوم کو مبارکباد

پاکستان سٹاک ایکس چینج میں غیرمعمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز اور نیا ریکارڈ قائم ہونے پر قوم اور کاروباری برادری کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مبارکباد کا پیغام۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں غیرمعمولی اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، الحمدللہ! ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے، شدید مایوسیوں کے بعد اُمید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے، قوم کو مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے اور 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے، خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے، پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح 2013ء سے 2018ء کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی، معاشی ترقی لائے تھے، ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لارہے ہیں، قومی ترقی اور معاشی استحکام کے سفر کو اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب زراعت، آئی ٹی، صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہوگا، ان شا اللہ، عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری سے ہمکنار کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی نامزد کردیا