دہشتگردی کے 309 واقعات

رواں سال پہلے 4 ماہ میں دہشتگردی کے 309 واقعات رپورٹ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ میں دہشتگردی کے 309 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 711 آپریشنز کئے گئے جبکہ 81 دہشتگردوں سمیت 158 افراد گرفتارکئے گئے۔ سی ٹی ڈی نے رواں سال کے دوران 150 دستی بم، 47 کلوگرام بارود اور ایک خودکش جیکٹ سمیت سینکڑوں کارتوس بھی برآمد کئے۔ کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) خیبرپختونخوا نے صوبے میں رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق دہشتگردی کے زیادہ تر واقعات ڈیرہ، بنوں اور پشاور ریجن میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
جنوری میں دہشتگردی کے 49 واقعات رونما ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے 33 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ فروری میں دہشتگردی کے 50 واقعات جبکہ گزشتہ سال فروری میں 24 واقعات رونما ہوئے تھے۔ اسی طرح ماہ مارچ میں 34 جبکہ ماہ اپریل میں دہشتگردی کے 42 واقعات رپورٹ کئے گئے۔ سی ٹی ڈی نے درج مقدمات کے تحت 124 افراد گرفتار کئے۔
چار ماہ میں انٹیلی جنس بیسڈ 711 آپریشنز میں 81 دہشتگردوں سمیت 158 افراد گرفتار کئے گئے جبکہ آپریشنز اور کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے متعدد کمانڈر بھی مارے گئے جن میں 71 خطرناک شدت پسند بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت لاکھوں روپے مقرر تھی۔

مزید پڑھیں:  کرم، چائلڈ پورنوگرافی نیٹ ورک کے 3 افراد پولیس کے ہتھے چڑھ گئے