صدر مملکت

واقعہ کربلا ظلم ونا انصافی کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی۔
ویب ڈیسک: صدر مملکت عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عاشورہ محرم اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، یوم عاشور عظیم تر مقصد کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ شہادت امام حسین کا فلسفہ ظلم و جبر کے خلاف ہر قیمت پر ڈٹ جاناہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حضرت امام حسین کے ساتھی پر آشوب وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، یہ دن ہمیں وفاداری،راستبازی اور حق وانصاف کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حضرت امام حسین نے طاقت،تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں،اقدار سے دستبردار ہونے سے انکار کیا،حضرت امام حسین نے اسلام کی حقیقی تعلیمات کے تحفظ کیلئے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اپنی جان قربان کردی، یہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں معاشرے کی عظیم تربھلائی اور انسانیت کی بہتری کیلئے ذاتی آسائشوں اور خواہشات کو ترک کردینا چاہیے۔
صدر کا کہنا تھا کہ آج حضرت امام حسین کا پیغام پوری دنیا کے مسلمانوں میں گونج رہا ہے، عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب فکر کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو بھی یاد رکھنا چاہیے، تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسین کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنے ،ہمت ،استقامت اور دلیری کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا کرے۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار