5 اگست کے اقدامات

5 اگست کے اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل میں بدل دیا، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 5 اگست کے اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا، کشمیری بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔
ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں تاہم پاکستان اپنے بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنتا رہے گا اور ان کے جائز حقوق کے حصول کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر یقین ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل کے ذریعے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام ممکن ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اپنی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کا آغاز کیا، کاروائیوں کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا، حق رائے دہی سے محروم کرنا اور ان کی اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، یہ اقدامات متنازعہ علاقے پر مستقل طور پر قبضہ کرنے اور اس کے خاص کشمیری کردار کو مٹانے کیلئے کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ جموں و کشمیر اس کی سرزمین کا ایک غیر متنازعہ حصہ ہے، تاہم یہ بھارت ہی تھا جو جموں و کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر گیا۔
جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا اور ریاست کے حتمی مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کے زیر سایہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کو پشاور میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، فضل الرحمان