پولیو مہم

17 اضلاع میں پولیو مہم شروع، 27 لاکھ سے زائد بچوں کا ہدف مقرر

ویب ڈیسک: صوبہ کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع کر لی گئی ہے اس سلسلے میں 8 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں اور 9 اضلاع میں پولیو وائرس کے حوالے سے حساس علاقوں میں مہم چلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 27 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ پشاور اور ضلع خیبر میں 4 ماہ سے 59 ماہ عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطروں کے ساتھ پولیو سے بچائوکے حفاظتی ٹیکے بھی لگوائے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق آج پیر کے روز سے 8 اضلاع ہنگو، کوہاٹ، پشاور، خیبر، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند اوربنوں میں پانچ سال تک کی عمر کے 24 لاکھ 66 ہزار 828 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ ضلع بونیر، لوئر چترال، لوئر دیر، ہری پور، مانسہرہ، ملاکنڈ، مردان اور صوابی کے افغان مہاجر کیمپس میں موجود 92 ہزار 2 سو سے زائد بچوں اور شمالی وزیرستان کے11 اور ضلع ہری پور کے 14 حساس یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 61 ہزار 3 سو سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں پولیو ورکرز کی 6 ہزار 947 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 6 ہزار 106 موبائل ٹیمیں، 448 فکسڈ ٹیمیں، 349 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 44 رومنگ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ان کے علاوہ 1 ہزار 598 ایریا انچارج بھی تعینات کئے جائیں گے۔ مہم کے دوران ضلع پشاور اور خیبر میں 4 ماہ سے 59 ماہ تک عمر کے بچوں کو پولیو کے ٹیکے لگانے کیلئے ویکسی نیٹرز اور معاونین پر مشتمل 3 ہزار 728 ٹیمیں اور 3 ہزار 638 کمیونٹی موبلائزر تعینات کئے گئے ہیں۔ مجوزہ پولیو مہم کے دوران تقریبا 18 ہزار 474 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی نامزد کردیا