رواں سال قتل

رواں سال قتل، اقدام قتل میں ملوث اشتہاریوں سمیت 1560 ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے رواں سال کے دوران جائیداد، مستورات، گھریلو اور دیگر تنازعات کی بناء پر قتل اور پرتشدد واقعات میں ملوث کئی اشتہاریوں سمیت 1500 سے زائد ملزموں کو گرفتار کر کے ان کیخلاف 900 سے زائد مقدمات قائم کئے اور کئی ملزموں کیخلاف تفتیش مکمل کرتے ہوئے انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا جبکہ اسلحہ نمائش کیخلاف بھی گرینڈ آپریشن شروع کرنیکی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سی سی پی او اشفاق انور کے مطابق رواں ماہ کے دوران قتل کے 371 مقدمات جبکہ اقدام قتل کے 578 مقدمات درج ہوئے جن میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر سمیت مختلف جرائم پیشہ افراد کیخلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 4965 مقدمات درج کئے گئے جن میں ملوث 5269 ملزموں کو حراست میں لیا گیا جو ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ ملزموں کے قبضے سے 456 کلاشنکوف، 45 کلاکوف، 543 رائفل، 283 شارٹ گن، 26 ہینڈ گرنیڈ اور 5815 پستول برآمد کئے گئے۔ سی سی پی او اشفاق انور نے بتایا کہ جائیداد و دیگر تنازعات کی بناء پر قتل، اقدام قتل کی وارداتوں پر قابو پانے اور انکے فوری حل کیلئے ڈی آر سی ممبران کا استعداد کار مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسلحہ نمائش کیخلاف گرینڈ آپریشنز شروع کرنے کیلئے تیاری مکمل کر لی گئی۔
آپریشنز کے دوران پکڑے جانیوالے لائسنس یافتہ اسلحہ و لائسنس کی تصدیق کرنے کیلئے محکمہ داخلہ سے رابطہ بھی کیا جائیگا، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بار بار پکڑے جانیوالا لائسنس یافتہ اسلحہ ضبط اور لائسنس منسوخ کرنیکی سفارش کی جائیگی۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ڈویژنل ایس پیز کو اندرون شہر سمیت نواحی علاقوں اور داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز مزید تیز کرنے اور پولیس گشت بڑھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  محکمہ خوراک کا ایکشن، سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر پابند سلاسل