واپڈا فری یونٹس

پشاور، فری یونٹس کے خاتمہ کیخلاف واپڈا افسران کا احتجاج

ویب ڈیسک: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کمپنی اور این ٹی ڈی سی کے ملازمین نے واپڈا ہاوس پشاور میں فری یونٹس کے خاتمہ کے منصوبے کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں محکمہ برقیات کی ان کمپنیوں کے تمام آفیسرز نے شرکت کی، احتجاج کے دوران مظاہرین نے وزارت توانائی کے مجوزہ منصوبے پر اپنے بھرپور تحفظات کا اظہار کیا، یاد رہے کہ منصوبے کے تحت ان اداروں کے گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین سے محدود بجلی یونٹس کی سہولت واپس لیے جانے کا امکان ہے۔
مظاہرے سے پیسکو، ٹیسکو اور این ٹی ڈی سی کے ملازمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایک غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ جیسے زیادہ بجلی بلوں کی وجہ ان ملازمین کے بجلی یونٹس ہیں حالانکہ یہ محدود بجلی یونٹس ان ملازمین کی تنخواہ کا حصہ ہیں اور ان یونٹس کی باقاعدہ ادائیگی متعلقہ ادارہ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پاور سیکٹر کے تمام ادارے پہلے ہی افراتفری، سیاسی مداخلت اور دیگر چیلنجز کا شکار ہیں۔ حکومت نے مختلف اوقات میں بے شمار ٹیکس بجلی بل میں شامل کر کے اور مہنگی بجلی کے معاہدے کر کے حالات اس نہج پہ پہنچا دیئے ہیں کہ اب عام صارف اس کو برداشت کرنے کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے بجلی یونٹس ختم کئے جاتے ہیں تو وہ اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے اور اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
احتجاج کے دوران شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی بل سے ٹیکسز ختم کر کے یہ کام متعلقہ اداروں کے سپرد کیا جائے اور بجلی کے اداروں میں شدید سٹاف کی کمی کو دور کر کے ان میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا کر ان کی بحالی پر کام کیا جائے تاکہ یہ ادارے لوگوں کو اچھی خدمات فراہم کر سکیں۔

مزید پڑھیں:  شدید گرمی کے بعد ایک مرتبہ پھر بارش کی پیشگوئی ، جھکڑ چلنے کا بھی امکان