سنٹرل جیل پشاور آپریشن

سنٹرل جیل پشاور میں تلاشی آپریشن، موبائل فون برآمد

ویب ڈیسک: سنٹرل جیل پشاور میں مختلف شکایات کے بعد سرپرائز آپریشن کرتے ہوئے درجن بھر موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔ واضح رہے کہ جیل میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہے۔ جہاں جیل میں خطرناک ملزمان سمیت مختلف جرائم پیشہ افراد قید ہیں اور موبائل فون غلط مقاصد کیلئے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔ اس ضمن میں پولیس افسران نے سینٹرل جیل پشاور پر چھاپہ مارا اور جیل انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے جیل کی بیرکوں کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران 12 موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق حکام کو جیل کے اندر موبائل فونز کے استعمال کی شکایات ملی تھیں جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اس حوالے سے سینٹرل جیل پشاور کے سپرنٹنڈنٹ وسیم خان نے موقف اپنایا کہ یہ افسران بالا کا معمول کا سرچ آپریشن تھا جس کے دوران 12 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ جیل میں منشیات کا دھندہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور کوئی کیس بھی منشیات کا نہیں پکڑا گیا اور جو بھی غیرقانونی کام میں پکڑاجائے گا اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ جیل کے حالات اب پہلے سے بہت بہتر ہیں اور ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  وانا، پشتو ادبی ٹولنہ کے زیراہتمام سالانہ منڑے گل مشاعرے کا انعقاد