سٹریٹجک تعلقات

کم جونگ ان روس سے سٹریٹجک تعلقات کے فروغ کے خواہاں

ویب ڈیسک: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ روس کے دورے کا واضح مقصد روس اور شمالی کوریا کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے روس کا دورہ دونوں ممالک کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اپنی لگژری اور بلٹ پروف آرمرڈ ٹرین میں سوارہوکر روس میں داخل ہوئے، ان کے ہمراہ شمالی کورین فوج کی اعلیٰ قیادت بھی موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق کم جونگ کے ہمراہ فوجی قیادت کی موجودگی سے یہ امکان ظاہر ہوتا ہے کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں کی ڈیل ہوسکتی ہے تاہم مغربی ممالک دونوں ممالک کی اس متوقع ڈیل پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں جسے روس یوکرین جنگ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے دورہ روس پر امریکی محکمہ خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم جونگ اور پیوٹن کی ملاقات پر نظر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے بعد شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے کسی بھی ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔
اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعلقات بارے افواہیں گردش کر رہی تھیں جس کی حقیقت اب کھل کر سامنے آ گئی ہے اور صدر شمالی کوریا نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ روس سے سٹریٹجک تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوامیں میٹرک امتحانات کی شفافیت کیخلاف پروپگنڈا گمراہ کن قرار