مصر، سکولوں میں طالبات کے نقاب پہننےپر پابندی عائد

ویب ڈیسک: مصری حکومت کی جانب سے سکولوں میں طالبات کے نقاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری حکم نامے میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال کے لیے جاری ضابطہ لباس میں طالبات کا چہرہ ڈھانپنے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم سر پر دوپٹہ اوڑھنا اختیاری قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ضابطہ لباس کے تحت سر ڈھانپنے کی خواہش مند طالبات کو تعلیمی بورڈ کا منظور شدہ رنگ اور ڈیزائن کا حجاب (سکارف) استعمال کرنےکا پابند کیا گیا ہے، اس کے لیے بھی طالبات کے والدین یا سرپرستوں کی آگاہی اور پیشگی اجازت ضروری ہوگی۔
مصر کی وزارت تعلیم کے مطابق پابندی کا اطلاق سرکاری اور نجی تمام سکولوں پر ہوگا۔ مصر میں سوشل میڈیا پر حکومتی فیصلےکو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں سکولوں میں طالبات کے نقاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس اقدام کو نجی معاملات میں مداخلت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ بعض افراد نے اس کی حمایت بھی کی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی افواج کی مقبوضہ بیت المقدس میں کارروائی، ترک سیاح شہید