ویتنام، عمارت میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 56 ہوگئی

جنوب مشرقی ایشین ملک ویتنام میں ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی نے کئی زندگیاں نگل لیں، 70 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
ویب ڈیسک: ویتنام کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں آتشزدگی، ہلاک ہونیوالوں کی تعداد56 ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق آٓگ ایک کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع پارکنگ میں لگی جس نے چشم زدن میں خوفناک شکل اختیار کر لی جس سے پارکنگ میں کھڑی درجنوں موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
پارکنگ ایریا میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت میں آگ رات 2 بجے لگی، امدادی کاموں کے دوران آگ میں پھنسے 70 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عمارت میں 150 افراد رہائش پذیر تھے، عمارت میں خوفناک آتشزدگی سے اب تک 56 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں بری طرح جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہیں، عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کا نوٹس ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا