پشاور، لوگل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم، درخواستوں پر سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: لوگل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نئے ترامیم سے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو کم کیا گیا، 2 سال گزرگئے ابھی تک بلدیاتی نمائندوں کو فنڈ نہیں ملا۔
وکیل درخواست گزار نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ گزشتہ حکومت نے بھی بلدیاتی نمائندوں کو فنڈ نہیں دیا، اب نگران حکومت ترقیاتی فنڈ استعمال کررہی ہے لیکن بلدیاتی نمائندوں کو نہیں دے رہی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل خود اس کیس میں پیش ہونا چاہتے ہیں، آج سماعت ملتوی کی جائے۔
بابر خان یوسفزئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیس کو بار بار التواء کا شکار کیا جا رہا ہے۔
جسٹس اعجاز انور نے اس پر کہا کہ آخری موقع دیتے ہیں آئندہ سماعت پر کیس ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اے اے جی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل پیش نہیں ہوئے تو آپ خود کیس تیار کریں آپ دلائل دینگے۔
جسٹس اعجاز انور نے مزید کہا کہ آئندہ سماعت پر کسی طور کیس ملتوی نہیں کریں گے۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  درگئی: رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میں نوجوان جاں بحق