عام انتخابات اور فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائلز سماعت کیلئے مقرر

ویب ڈیسک: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل اور 90 روز میں عام انتخابات کیلئے کیسز سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ 23 اکتوبر کو ساڑھے گیارہ بجے کرے گا۔
بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔ اس حوالے سے عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
یاد رہے کہ شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کیخلاف کیس میں 21 جولائی کو سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پابند کیا تھا کہ سپریم کورٹ کو آگاہ کئے بغیر فوجی عدالتوں میں ملزمان کا ٹرائل شروع نہ کیا جائے، حکم کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کو طلب کیا جائے گا۔
دوسری جانب 90 روز میں عام انتخابات کے حوالے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ ذرائع کےمطابق 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ اس کیس کی سماعت کیلئے مقرر کردہ 3 رکنی بنچ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 23 اکتوبر کو سماعت کرے گا.
یاد رہے کہ 3 رکی بنچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان شامل ہیں۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملک میں 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ بار اور پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

مزید پڑھیں:  گندم درآمدکرنے کا فیصلہ وفاق کرتا ہے، محسن نقوی