ورلڈ کپ، ٹائیگرزکوہراکر،پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدبرقرار

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے 31ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی کی امید برقرار رکھ دی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کا اعتماد کسی حد تک بحال ہو گیا جبکہ فخر زمان بھی فارم میں واپس لوٹ آئے ہیں۔
بھارتی شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹائیگرز نے بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح روانی کے ساتھ گرتی رہیں جس سے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بنگال ٹائیگرز کے کامیاب بلے باز محمود اللہ رہے جنہوں نے 56 رنز بنا رکھے تھے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کا 205 رنز کا ہدف باآسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سیمی فائںل تک رسائی کی امید برقرار رکھی۔ فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور فخر زمان کے درمیان شاندار 128 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، عبداللہ 68 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کے خلاف کامیابی پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی کی امید روشن ہو گئی اس سے قبل امید معدومی کا شکار تھی۔
پاکستان اور بنگلادیش نے ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں۔ پاکستان کو 3 جبکہ بنگلہ دیش کو صرف ایک میچ میں کامیابی ملی۔
میگا ایونٹ کے 31 ویں میچ میں شکست کے بعد ٹائِگرز سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بجٹ 2024، ایف بی آر کا ٹیکس ہدف12ہزار400ارب رکھنے کی تجویز