حکومتی ادارے اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں، محمد اعظم خان

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا تیسرا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات، نگران صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا کے علاوہ دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے فورم کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اب تک کی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
فورم کے شرکاء کا بھتہ خوری سمیت دیگر غیر قانونی سر گرمیو میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھتہ خوری کے مکمل خاتمے کے لئے ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلا کر ایک جامع اور موثر حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران بدامنی کے مختلف واقعات رونما ہوئے جن میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے متعدد اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، ان شہداء نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیر اعلی محمد اعظم خان نے کہا کہ حکومت، ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشت گردی میں معاون ثابت ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے قیام کا اصل مقصد ہی غیر قانونی سرگرمیوں کا قلع قمع کرنا ہے، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے جبکہ اس اس مقصد کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن میکنزم کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے۔

مزید پڑھیں:  حج کوٹہ رواں برس بھی پورا استعمال نہیں کر سکیں گے، سید عطاء الرحمٰن