پشاور ،کاغذ کا استعمال ختم، سرکاری امور آن لائن نظام پر منتقل

ای گورننس پلیٹ فارم کا اجراء کر کے خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا۔
ویب ڈیسک: صوبائی محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن میں خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے انتظامی محکموں میں فائل ورک کو پیپرلیس بنانے کے لئے کے پی ڈیجیٹل ورک سپیس کے نام سے ای گورننس پلیٹ فارم کا باضابطہ اجراء کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں وزیر اعلی ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان تھے۔ دوران تقریب انہوں نے ای گورننس پلیٹ فارم کے پی ڈیجیٹل ورک سپیس کا افتتاح کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل ورک سپیس سے مختلف سرکاری محکموں میں فائل ورک اور دیگر روزمرہ کے امور آن لائن نظام پر منتقل ہونگے۔ اس اقدام سے سرکاری امور کی انجام دہی میں وقت کی بچت اور شفافیت کا عمل یقینی بنایا جا سکے گا، اس کے علاوہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ کاغذ کا استعمال ختم ہو جائے گا جس کے ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اس آن لائن نظام سے سرکاری محکموں کی استعداد کار میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ کے پی ڈیجیٹل ورک سپیس کا اجراء بڑی کامیابی ہے، یہ ای گورننس کی طرف ایک اہم اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاغذ کا استعمال ختم کرتے ہوئے سرکاری امور آن لائن سسٹم پر منتقل کرنے سے سرکاری محکموں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور اس سے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وسائل کے ضیاع کو بھی روکا جاسکے گا۔
محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ ای گورننس منصوبے کے تحت ڈاکومنٹ ورک فلو مینجمنٹ سسٹم تیار کیا گیا ہے جس سے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہو گی، صوبہ خیبرپختونخوا سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام میں بھی سبقت لے گیا ہے۔
سپیشل ٹیکنالوجی زونز معاشی استحکام اور روزگار کی تخلیق میں اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، فنڈز کی عدم دستیابی پر بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج، مئیر آفس کو تالہ لگا دیا