غیرقانونی تارکین وطن کا انخلاء خوش اسلوبی سے جاری ہے، محمد اعظم خان

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے یو این ایچ سی آر کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فیلیپا کینڈلر کر رہی تھیں جبکہ چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ خیبر پختونخوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں غیر قانونی طور مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے، صوبائی حکومت رضا کارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے والے مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت نے خصوصی فنڈ مختص کئے ہیں۔
نگران وزیراعیٰ محمد اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ملک واپس جانے والے غیر ملکیوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کے تناظر میں اچھا سلوک کیا جا رہا ہے۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں کا صوبے کی روایات اور اقدار کے مطابق خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق ان غیر ملکیوں کے عارضی قیام کے لئے ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر قیام و طعام کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس انخلاء کے عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لئے یو این ایچ سی آر اور صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مربوط بنایا جائے گا۔
یو این ایچ سی آر وفد کی سربراہ فیلیپا کینڈلر کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں سے بڑی تعداد میں مہاجرین کی بہترین میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کے مشکور ہیں، خیبر پختونخوا نے ایک لمبے عرصے تک بڑی تعداد میں مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی ہے۔
فیلیپا کینڈلر کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلاء کے لئے انتظامات اور سہولیات کی فراہمی میں خیبر پختونخوا حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

مزید پڑھیں:  ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ