حیات میڈیکل کمپلیکس سے اغواءنومولود بچہ بازیاب‘اغواءکار گرفتار

ویب ڈیسک :حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سے اغواءہونے والے نومولودبچے کو بازیاب کراتے ہوئے اصل والدین کے حوالے کردیا گیا جبکہ اغواکار رضوان اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیاگیا ہے ۔
پولیس کے مطابق 25 نومبر کو سمیع اللہ نامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کے نومولود بچے کو گائنی وارڈ سے اغوا کرکے ہمیں دوسری بچی تھما دی گئی اور بچے کے اغوا میں ملوث ملزمان ہسپتال سے رفو چکر ہوگئے ہیں۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم نے سی سی ٹی وی کیمروں اور سائنسی خطوط پر جامع تفتیش کے دوران اغوا کاروں کا سراغ لگا لیا اور مغوی نومولود بچے کو بازیاب کراتے ہوئے اغواکار رضوان اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش کے دوران اغوا کاروں کے بار بار بدلتے بیانات اور بچے پر دعوے نے واقعے کو مشکوک بنایا۔
اصل حقائق سامنے آنے تک دونوں بچوں کو ہسپتال کی نرسری میں رکھاگیا اور اغوا کاروں کے مشکوک بیانات پر بچے سمیت ان کے والدین کے بھی ڈی این اے ٹیسٹ کروائے گئے جس میں بیک وقت دو نومولود بچوں کی پیدائش کے وقت تبدیلی ثابت ہوگئی۔
ڈی این اے رپورٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے حقائق سامنے آنے پر مغوی بچے کو اصل والدین کے حوالے کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس رات کمپلیکس ہسپتال میں دو درجن سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں:  سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کررہے ہیں،اعظم نذیرتارڑ