غزہ جنگ، 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، اسرائِیلی فوجی بھی ہلاک

ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیلی افواج کے مابین غزہ میں جاری جنگ شدت اختیار کر گئی، اس دوران 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ اسرائیلی فوج میں بھِی صف ماتم بچھ گئی، لاتعداد فوجی ہلاک، ان کے ٹینک بھی تباہ کر دیئےگئے۔
غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 18ہزار سے زائد شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔ ان شہداء میں بچوں کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے جبکہ خواتین بھی ان مِیں شامل ہیں۔ صیہونی افواج کے حملوں میں اب تک مجموعی طور پر 49 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں 10 خواتین صحافیوں سمیت 86 میڈیا ورکر شہید ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نےغزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کوتباہ کرنے کی نئی ویڈیو جاری کر دی۔ ویڈیو میں القسام کے جنگجوؤں کو اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں پر حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں زمینی آپریشن میں مزید 4 افسران سمیت7 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد میں تواتر کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
اسرائیلی افواج کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں جاری جنگ میں 4 افسران سمیت 7 فوجی مارے گئے ہیں جس کے بعد زمینی آپریشن میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 104 ہوگئی جبکہ زخمی فوجیوں میں مزید 133 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ کے شیخ جعفر مندو خیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ