غزہ میں طوفانی بارشوں

غزہ میں طوفانی بارشوں سے پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ

ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بموں کی برسات کے بعد طوفانی بارشوں نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ میں بے گھر افراد کے خیموں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس کے باعث ان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث ہزاروں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے ہزاروں فلسطینی خاندان عارضی کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں، تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش نے خیموں میں رہائش پذیر فلسطینیوں کو مزید امتحان میں ڈال دیا ہے۔
واضح رہے ان عارضی کیمپوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ افراد موجود ہیں اور پھر سیوریج کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق بارش کے باعث وبائی امراض تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ بے گھر 19 لاکھ افراد میں سے 3 لاکھ 60 ہزار افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق غزہ کے لوگ گردن توڑ بخار، چکن پاکس، یرقان اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  مردان، رستم میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، دکانداروں کو نوٹس جاری